کلکتہ،28؍نومبر(ایس او نیوز؍یواین آئی) ترنمول کانگریس کے ذریعہ منانے کی تمام تر کوششوں کے باوجود ریاستی وزیر شوبھندو ادھیکاری نے آج وزارت سے استعفیٰ د ے دیا ہے -اس کے ساتھ ہی ان کے بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائی میں مزید تقویت آگئی ہے -اس سے قبل آج صبح ہی انہوں نے سرکاری سکیورٹی چھوڑ دی تھی -انہیں زیڈ زمرے کی سکیورٹی ملتی ہے -انہوں نے پائلٹ کار اور دیگر سرکاری سہولیات واپس کردیا -شوبھندو ادھیکاری نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو خط لکھ کر اپنے استعفیٰ سے آگا ہ کیا -انہوں نے استعفیٰ میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’آپ نے ریاست کے عوام کا شکریہ ادا کرنے کا موقع دیا‘ -خیال رہے کہ شوبھندوادھیکاری نے وزارت کا عہدہ چھوڑنے کے باوجود ممبراسمبلی کے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا ہے - ان کے استعفیٰ کو گورنر نے قبول کرلیا ہے -کل انہوں نے ایچ آر بی سی کے چیئرمین کے عہدہ سے استعفیٰ د ے دیا تھا-دو دن قبل ان کے قریبی سراج خان نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی-شوبھندو ادھیکاری گزشتہ کئی مہینوں سے وزارت کے کام کاج سے دوری اختیار کرلی تھی، پارٹی کی میٹنگوں میں شرکت کرنے سے گریز کررہے تھے اور اپنے طورپر پروگرام منعقد کررہے تھے -جب کہ ترنمول کانگریس کے سینئر ممبر پارلیمنٹ سوگاتارائے نے انہیں منانے کے لئے دو مرتبہ ملاقات کی تھی اور ترنمول کانگریس کے حکمت عملی کار پرشانت کشور نے بھی ان سے ملاقات کی کوشش کی تھی -ان کے والداور ممبر پارلیمنٹ ششیر ادھیکاری سے ملاقات کی-اس کے باوجود شوبھندو ادھیکاری کو منانے میں ترنمول کانگریس ناکام رہی ہے -
اطلاعات کے مطابق شوبھندو ادھیکاری کل سنیچر کو دہلی جارہے ہیں -تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ وہ دہلی میں کن لیڈروں سے ملاقات کریں گے -بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے واضح کیا ہے کہ ان کے بی جے پی میں شامل ہونے کی کوئی خبر نہیں ہے - تاہم دلیپ گھوش نے کہا کہ اگر وہ بی جے پی میں آتے ہیں توان کا خیرمقدم -